وفاقی دارالحکومت میں ایک بار پھر شدید ژالہ باری کا خدشہ، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دوبارہ شدید ژالہ باری ہو سکتی ہے۔
گزشتہ روز اسلام آباد، ملحقہ علاقوں اور بالائی خطوں میں موسلا دھار بارش کے ساتھ شدید ژالہ باری ہوئی، جس کے نتیجے میں سیکڑوں گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور دیگر املاک کو بھی نقصان پہنچا۔ اطلاعات کے مطابق، ژالہ باری کی وجہ سے فیصل مسجد کو بھی جزوی نقصان پہنچا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، جس طرح کل شدید گرمی کے دوران اچانک آسمان سے بڑے اولے برسے اور کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا، ویسا ہی موسمی منظر دوبارہ بھی دیکھنے کو مل سکتا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ژالہ باری کے دوران اتنے بڑے اولے گرے کہ کھلے مقامات پر کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور سڑکیں و پارک سفید چادر کا منظر پیش کرنے لگے۔
کچھ افراد نے ژالہ باری کو اپنے اعمال کا نتیجہ قرار دیا، تاہم محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسمی تبدیلیوں کے دوران اس نوعیت کے واقعات معمول کا حصہ ہوتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق، موسمیاتی تبدیلیوں کا ہمارے خطے پر گہرا اثر پڑا ہے اور اسی وجہ سے مستقبل میں بھی ایسی شدید ژالہ باری کے امکانات موجود ہیں۔ محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس ژالہ باری سے متعلق الرٹ پہلے ہی جاری کر دیا گیا تھا۔
مزید یہ کہ، آئندہ چند دنوں میں ہیٹ ویو کی لہر بھی متوقع ہے۔