مرکز اور پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی جماعت مسلم لیگ(ق) کو پنجاب میں ایک اور وزارت مل گئی ہے۔ نئی وزرات اتحادی جماعت کے رکن صوبائی اسمبلی باؤ محمد رضوان کو دی گئی ہے۔۔ بائو محمد رضوان کے حلف اٹھانے کے بعد ،پنجاب کابینہ کےارکان کی کل تعداد 48 ہوگئی ہے
تقریب حلف برداری پنجاب کے گورنر ہاؤس میں ہوئی اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے حلف لیا۔ تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، چوہدری مونس الہی، صوبائی وزرا اور اعلی حکام نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ نے باؤ محمد رضوان کو صوبائی وزارت کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہارکیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ صوبائی وزیر باؤ محمد رضوان اپنے فرائض جانفشانی اور لگن سے ادا کریں گے اورعوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔
حلف کے بعد پنجاب کابینہ میں مسلم لیگ ق کے وزرا کی تعداد 2 ہو گئی ہے۔ مسلم لیگ ق کو اسپیکر پنجاب اسمبلی اور ایک پارلیمانی سیکرٹری کا عہدہ بھی دیا جا چکا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ق کو قائمہ کمیٹیوں کی چئیر مین شپ میں بھی نمائندگی دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ق کے صوبائی وزیر معدنیات عمار یاسر بھی استعفی واپس لے لیں گے۔ انہوں نے وزارتی امور میں مداخلت اور دیگر تحفظات کی بنا پر استعفی اپنی قیادت کو استعفی دیا تھا۔
یاد رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے چوہدری برادران سے ملاقات کی تھی جس میں ق لیگ کی قیادت نے اپنے تحفظات سامنے رکھے اور شکوہ کیا کہ آپ اور آپ کی قیادت سے اتحاد کے جو معاملات طے ہوئے ان پر تاحال عمل نہیں ہوا۔