راولپنڈی کے تھانہ روات کی حدود میں ایک نہایت افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنی 16 سالہ بیٹی کو غیرت کے نام پر قتل کر دیا۔ ابتدائی پولیس رپورٹ کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب باپ نے بیٹی کو اس کا ٹک ٹاک اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنے کا کہا، لیکن انکار پر غصے میں آ کر اس نے فائرنگ کرکے بیٹی کی جان لے لی۔
پولیس کی مدعیت میں درج مقدمے کے مطابق اطلاع موصول ہوئی کہ ڈھوک چوہدریاں، داخلی تخت پڑی روات میں اخلاق احمد نامی شخص نے اپنی بیٹی مہک شہزادی کو متعدد بار سوشل میڈیا اکاؤنٹ بند کرنے کی ہدایت کی۔ تاہم جب بیٹی نے اس کی بات نہ مانی تو اخلاق احمد نے غصے اور غیرت میں آ کر اس پر گولیاں چلائیں، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی طور پر اہلِ خانہ نے اس واقعے کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی، لیکن پولیس نے شواہد کی بنیاد پر جب تفتیش کی تو معاملہ قتل کا نکلا۔ پولیس نے مقتولہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کیا اور جائے وقوعہ سے تمام ضروری شواہد اکٹھے کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اخلاق احمد نے نہ صرف اپنی بیٹی کو قتل کیا بلکہ اس اقدام سے فساد فی الارض کا ارتکاب بھی کیا۔ ملزم موقع واردات سے فرار ہو چکا ہے، تاہم اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔