لندن سے آئی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستانی طلبا کے لیے برطانیہ میں مفت اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا ایک سنہری موقع کھل گیا ہے، کیونکہ برطانوی حکومت کے عالمی اسکالرشپ پروگرام “شیوننگ” کے لیے درخواستیں جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔
شیوننگ اسکالرشپ ایک بار پھر دنیا بھر کے ذہین، باصلاحیت اور مڈ کیریئر پروفیشنلز کو موقع فراہم کر رہی ہے کہ وہ برطانیہ کی معروف جامعات میں مکمل اسکالرشپ کے تحت تعلیم حاصل کریں۔ اس پروگرام کے تحت منتخب امیدواروں کو ٹیوشن فیس، ویزہ، رہائش اور ماہانہ وظیفہ فراہم کیا جائے گا۔
شیوننگ اسکالرشپ کے لیے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 7 اکتوبر مقرر کی گئی ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اس موقع پر کہا کہ “شیوننگ مستقبل کے رہنماؤں کے لیے ایک لانچ پیڈ ہے۔”
یاد رہے کہ شیوننگ پروگرام برطانوی وزارتِ خارجہ، دولتِ مشترکہ، ترقیاتی امور اور دیگر شراکت دار اداروں کی مالی معاونت سے چلایا جاتا ہے، جس کا بنیادی مقصد دنیا بھر سے ابھرتی ہوئی قیادت کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
درخواست دینے کا طریقہ
شیوننگ اسکالرشپ کے لیے تمام درخواستیں صرف آن لائن اپلیکیشن سسٹم کے ذریعے دی جا سکتی ہیں۔ اس کے لیے امیدواروں کو درج ذیل شرائط پوری کرنا ہوں گی:
شیوننگ کی اہلیت کے معیار پر پورا اترنا
مؤثر اور متاثرکن درخواست تحریر کرنے کی صلاحیت
فعال ای میل ایڈریس اور فون نمبر
آن لائن اپلیکیشن سسٹم کا منفرد ایکسیس کوڈ (جو ہر مرحلے پر درکار ہوگا)
مزید رہنمائی کے لیے امیدواروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ شیوننگ کی آفیشل ویب سائٹ کو بُک مارک کرلیں تاکہ وہ مختلف مراحل کے شیڈول پر نظر رکھ سکیں۔