بھارت کی سرپرستی میں چلنے والے دہشت گرد گروہ “فتنہ ہندوستان” کے دہشت گردوں نے ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وطن کے تین جانباز سپاہی جامِ شہادت نوش کر گئے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق شہید ہونے والوں میں میجر محمد رضوان طاہر (عمر 31 سال، رہائشی ضلع نارووال)، نائیک ابنی امین (عمر 37 سال، رہائشی ضلع سوات)، اور لانس نائیک محمد یونس (عمر 33 سال، رہائشی ضلع کرک) شامل ہیں۔
میجر محمد رضوان ایک نہایت بہادر افسر تھے جنہوں نے متعدد دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں حصہ لیا اور ہمیشہ اپنی ٹیم کی قیادت اگلی صفوں میں رہ کر کی۔
یہ افسوسناک واقعہ پانچ اور چھ اگست کی درمیانی رات پیش آیا، جس کے بعد علاقے میں کی جانے والی صفائی کی کارروائی میں چار بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو تلاش کر کے ہلاک کر دیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز کا آپریشن ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا تاکہ بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑا جا سکے۔ ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید پختہ کرتی ہیں۔