ابوظہبی: ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2025 کا آغاز آج ابوظہبی اسٹیڈیم میں ہو رہا ہے جہاں افتتاحی میچ میں افغانستان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ یہ مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا اور شائقین کو ایک دلچسپ میچ دیکھنے کی توقع ہے۔
افغانستان کی متوقع پلیئنگ الیون میں کپتان راشد خان کے ساتھ رحمان گربز، ابراہیم زادران، صدیق اللہ اتل، درویش رسولی، کریم جنت، عظمت اللہ عمرزئی، محمد نبی، غضنفر، نور احمد اور فضل الحق فاروقی شامل ہو سکتے ہیں۔
دوسری جانب ہانگ کانگ کی جانب سے یاسم مرتضیٰ قیادت کریں گے جبکہ متوقع کھلاڑیوں میں انشومن رتھ، ذیشان علی، بابر حیات، نزاکت خان، میتھیو کوٹزی، احسان خان، اعزاز خان، عتیق اقبال، نصر اللہ رانا اور ایش شکلا شامل ہیں۔
ایونٹ میں مجموعی طور پر آٹھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں بھارت، اومان، پاکستان اور یو اے ای شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں افغانستان، بنگلہ دیش، ہانگ کانگ اور سری لنکا کی ٹیمیں موجود ہیں۔
ایشیا کپ کے تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے شروع ہوں گے۔ ایونٹ کا دوسرا میچ 10 ستمبر کو یو اے ای اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا، جبکہ پاکستان اپنا پہلا میچ 12 ستمبر کو اومان کے خلاف کھیلے گا۔
14 ستمبر کو ایونٹ کا سب سے بڑا اور روایتی مقابلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوگا جسے دیکھنے کے لیے شائقین کرکٹ بے صبری سے منتظر ہیں۔ پول مرحلے کا اختتام 19 ستمبر کو بھارت اور اومان کے درمیان ہونے والے میچ سے ہوگا۔