کراچی: شہر قائد میں دو روز کی تیز دھوپ کے بعد پیر کی صبح موسم کا رخ یکسر بدل گیا۔ مطلع ابرآلود ہونے کے باعث مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور پھوار پڑی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کلفٹن، ایم اے جناح روڈ اور شارع فیصل سمیت کئی علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی ہوئی، جو سمندر کی نچلی سطح پر موجود بادلوں کے نتیجے میں ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق کراچی میں آئندہ تین روز کے دوران مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا، جبکہ کہیں کہیں ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ہے۔ اس دوران جنوب مغربی سمت سے چلنے والی سمندری ہوائیں بھی متواتر بحال رہیں گی۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ صوبہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم ساحلی مقامات پر ہلکی بارش اور پھوار متوقع ہے۔
ادارے کے مطابق پاکستان پر 16 سے 19 ستمبر کے دوران نیا مون سون سسٹم اثر انداز ہوگا، جس کے زیر اثر سندھ کے ساحلی اضلاع میں مطلع ابرآلود رہے گا۔ البتہ کراچی میں اس سسٹم کے نتیجے میں فی الوقت تیز بارش کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب، ویدر اپ ڈیٹس نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں میں بحیرۂ عرب سے آنے والی مرطوب ہواؤں اور نچلی سطح پر قائم کنورجنس زون کے باعث شہر کے مختلف حصوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی ہوسکتی ہے۔ ادارے کے مطابق کراچی کے کچھ علاقوں میں کل صبح 7 بجے سے دوپہر 3 بجے کے درمیان معتدل بارش بھی متوقع ہے۔