امریکی ارب پتی ایلون مسک کی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس اسٹار لنک اچانک بند ہو گئی، جس کے نتیجے میں یوکرینی فوج سمیت دنیا بھر میں ہزاروں صارفین شدید متاثر ہوئے۔
کمپنی نے پیر کے روز اپنی ویب سائٹ پر اس خرابی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سروس کو بڑی تکنیکی رکاوٹ کا سامنا ہے اور ماہرین کی ٹیم معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق صرف امریکا میں صبح 4 بج کر 35 منٹ تک 43 ہزار سے زائد صارفین اس خرابی سے متاثر ہو چکے تھے، جبکہ یوکرین میں فرنٹ لائن فورسز نے بھی رابطے متاثر ہونے کی شکایت کی۔
اسٹار لنک، جو اسپیس ایکس کے تحت کام کرتی ہے، زمین کے قریب مدار میں موجود سیٹلائٹس کے ذریعے تیز رفتار انٹرنیٹ فراہم کرتی ہے اور دنیا بھر میں اس کے صارفین کی تعداد 6 ملین سے زیادہ ہے۔ یہ سروس بالخصوص دور دراز اور جنگ زدہ علاقوں میں استعمال کی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ یوکرین روسی حملوں کے دوران اپنے ڈرون آپریشنز اور فرنٹ لائن رابطوں کے لیے اسٹار لنک پر انحصار کرتا ہے۔ اس سے قبل دو ماہ پہلے بھی اسٹار لنک سروسز متاثر ہوئیں جس کے باعث یوکرینی فوج کی کارروائیوں پر براہِ راست نشریات متاثر ہوئی تھیں۔ 24 جولائی کو یہ سروس دو گھنٹے سے زیادہ وقت کے لیے بند رہی، جس کے نتیجے میں یوکرین کو جنگی کارروائیاں براہِ راست کوریج کے بغیر انجام دینا پڑیں۔