پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت عازمین حج کے لیے خوشخبری سامنے آئی ہے۔ وزارت مذہبی امور نے اعلان کیا ہے کہ آج سے پرائیویٹ اسکیم کے تحت درخواستیں جمع کروانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جس کے تحت مجموعی طور پر 37 ہزار 903 نئے عازمین کو موقع فراہم کیا جائے گا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ گزشتہ برس کے 22 ہزار 97 عازمین، جو کسی وجہ سے حج پر نہ جا سکے تھے، انہوں نے پہلے ہی پرائیویٹ اسکیم کے تحت رجسٹریشن کروا رکھی ہے۔ اس لیے پرائیویٹ حج آپریٹرز پر لازم ہوگا کہ وہ ان رہ جانے والے عازمین کو پہلے ترجیحی بنیادوں پر شامل کریں۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق پرائیویٹ حج آپریٹرز کو اس بات کا حلف نامہ دینا ہوگا کہ وہ سب سے پہلے گزشتہ برس کے عازمین کی رجسٹریشن مکمل کریں گے۔ اس سال پرائیویٹ حج آپریٹرز کے لیے مجموعی کوٹہ 60 ہزار مقرر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، گزشتہ سال کے 22 ہزار 97 عازمین کے ساتھ ساتھ 37 ہزار 903 نئے درخواست گزار بھی پرائیویٹ اسکیم کے تحت حج کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔ یوں مجموعی طور پر 60 ہزار عازمین پرائیویٹ اسکیم کے تحت اس سال حج پر روانہ ہوں گے۔