سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبے شہری سہولت اور شہر کی پائیدار ترقی کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ حکومت سے تعاون کریں، کیونکہ بہت جلد ان منصوبوں کے مثبت اثرات نمایاں ہوں گے۔
ایک بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ کے فور منصوبہ سندھ حکومت کا عوام سے کیا گیا وعدہ ہے، جس کے تحت صاف اور وافر پانی فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت کے تمام ادارے باہمی ہم آہنگی سے کام کر رہے ہیں، جبکہ عزیز بھٹی پارک سے اردو یونیورسٹی تک پانی کی پائپ لائن بچھانے کا مقصد شہریوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔
وزیر نے کہا کہ اگرچہ عارضی طور پر ٹریفک کی مشکلات درپیش ہیں، لیکن یہ مشکلات مستقل حل کی جانب ایک اہم قدم ہیں۔ عوام سے گزارش ہے کہ تعاون کریں، کیونکہ یہ منصوبے ان کے بہتر مستقبل کے لیے بنائے جا رہے ہیں۔
شرجیل میمن کے مطابق کے فور، ریڈ لائن اور دیگر ترقیاتی منصوبے صرف تعمیراتی سرگرمیاں نہیں بلکہ سندھ حکومت کے وژن کا حصہ ہیں۔ ان منصوبوں کا مقصد کراچی کو ایک جدید اور سہولیات سے بھرپور شہر بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کر دی گئی ہے اور جہاں کہیں عوام کو مشکلات درپیش ہیں، وہاں فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت خلوص نیت سے عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کر رہی ہے اور بہت جلد کراچی کے شہری ان منصوبوں کے مثبت نتائج اپنی آنکھوں سے دیکھیں گے۔