پاکستان نے ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے فائنل میں مقررہ اوورز کے دوران ہونے والے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سپر اوور میں شاندار بیٹنگ اور بھرپور بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو ہرا کر ایک مرتبہ پھر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
دوحہ میں کھیلے گئے فائنل میں بنگلہ دیش اے ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان شاہینز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، تاہم پاکستانی بیٹرز آغاز میں بہتر کارکردگی پیش نہ کرسکے۔ پاکستان شاہینز کی پہلی دو وکٹیں صرف دو رنز پر گر گئیں، جس کے بعد دیگر کھلاڑی دباؤ میں آتے دکھائی دیے اور نمایاں بیٹنگ نہ کرسکے۔ اوپنر یاسر خان اور یکے بعد دیگرے آنے والے محمد فائق بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔
ٹورنامنٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے معاذ صداقت نے 18 گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کے ساتھ 23 رنز بنائے، عرفات منہاس 25 رنز تک محدود رہے جبکہ کپتان عرفان خان نیازی بھی صرف 9 رنز ہی اسکور کر پائے۔ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز سعد مسعود نے بنائے، جنہوں نے 26 گیندوں پر 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 38 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو 9 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز تک پہنچایا۔
بنگلہ دیش اے کی جانب سے ریپن مینڈول نے 3 اور رکیب الحسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی بیٹنگ بھی ابتدا میں مشکلات کا شکار رہی اور 44 کے مجموعی اسکور پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ اوپنر حبیب الرحمان سوہان نے 26 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ایس ایم مہروب نے 19 اور رکیب الحسن نے 24 رنز بنانے میں کامیابی حاصل کی، جس کے بعد میچ پر پاکستان کی گرفت مضبوط دکھائی دینے لگی اور ایسا محسوس ہوا کہ پاکستان آسانی سے فائنل جیت جائے گا۔ تاہم بنگلہ دیش کی آخری وکٹ نے میچ کا نقشہ بدل دیا۔
عبدالغفار ثقلین اور ریپن منڈول نے بالترتیب 16 اور 11 رنز بنا کر میچ کو انتہائی سنسنی خیز مرحلے میں پہنچاتے ہوئے اسکور برابر کردیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 125 رنز مکمل کیے۔ آخری اوور میں احمد دانیال نے بہترین بولنگ کی کوشش کی لیکن ثقلین نے بھرپور مقابلہ کرتے ہوئے اسکور برابر کردیا، جس کے باعث میچ کا فیصلہ سپر اوور پر ہوا۔
سپر اوور میں بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 2 وکٹوں کے نقصان پر 6 رنز بنائے، جبکہ احمد دانیال نے ایک بار پھر شاندار بولنگ کرتے ہوئے دونوں وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں پاکستان کی جانب سے سعد مسعود اور معاذ صداقت نے بیٹنگ کی اور پانچویں گیند پر 8 رنز بنا کر بغیر کسی نقصان کے میچ پاکستان کے نام کردیا، یوں پاکستان نے تیسری مرتبہ ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
پاکستان شاہینز اس سے قبل 2019 اور 2023 میں بھی یہ ٹائٹل جیت چکے ہیں۔ فائنل دیکھنے کے لیے ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے۔