پاکستان میں آن لائن شاپنگ کے رجحان میں واضح کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ گیلپ اور گیلانی کی جانب سے کیے گئے تازہ ترین سروے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملک میں 91 فیصد افراد نے گزشتہ 6 ماہ کے دوران کسی بھی قسم کی آن لائن شاپنگ نہیں کی۔
سروے کے مطابق جن لوگوں نے آن لائن خریداری کی، ان میں سے 60 فیصد افراد نے کیش آن ڈیلیوری کے ذریعے ادائیگی کو ترجیح دی، جو اب بھی پاکستان میں آن لائن تجارت کے نظام پر اعتماد کی کمی کی نشاندہی کرتا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق آن لائن سب سے زیادہ خریداری کپڑوں کی کی گئی، جو مجموعی خریداری کا 30 فیصد بنتی ہے، جبکہ گھڑیاں آن لائن خریدی جانے والی اشیاء میں دوسرے نمبر پر رہیں۔
سروے میں عوامی رجحانات سے متعلق دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ نتائج کے مطابق اگر لوگوں کو مشہور شخصیت کے طور پر زندگی گزارنے کا موقع دیا جائے تو 49 فیصد افراد مذہبی رہنما یا دانشور بننے کو ترجیح دیں گے۔
مزید برآں، 34 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ کسی بھی رشتے کو قائم رکھنے کے لیے اعتماد سب سے اہم عنصر ہے، جو سماجی اقدار میں اعتماد کی مرکزی حیثیت کو ظاہر کرتا ہے۔