پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج بھی تیزی کا تسلسل برقرار رہا اور مارکیٹ نے ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس نئی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا۔
بازارِ حصص میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی زبردست تیزی دیکھی گئی، جہاں خرید و فروخت کا آغاز 1030 پوائنٹس کے نمایاں اضافے کے ساتھ ہوا۔ اس تیزی کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر ایک لاکھ 71 ہزار 772 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان غالب رہا تھا، جب مارکیٹ کا آغاز 997 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ ہوا اور کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ 70 ہزار 862 پوائنٹس کی سطح تک جا پہنچا تھا۔
بعد ازاں دن کے دوران مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ جاری رہا، تاہم مجموعی طور پر 1136 پوائنٹس کے ریکارڈ اضافے کے ساتھ کے ایس ای 100 انڈیکس نے پہلی بار ایک لاکھ 71 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی عبور کر لی۔
ماہرین کے مطابق رواں سال پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے لیے غیر معمولی ثابت ہوا ہے، جہاں بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں تقریباً 40 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو خطے کی دیگر بڑی منڈیوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر بہتر کارکردگی کی عکاسی کرتا ہے۔