اسلام آباد میں وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے واضح کیا ہے کہ آئندہ چھ ہفتوں کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو تبدیل کرنا وفاقی حکومت کی خواہش یا ترجیح نہیں ہے، بلکہ حکومت کی یہ خواہش ہے کہ صوبائی حکومت مؤثر انداز میں کام کرے اور اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔
ایک نجی ٹیلی وژن پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ آٹھ فروری تک بانی تحریک انصاف سے ملاقاتوں پر پابندی برقرار رہے گی، اور اس حوالے سے حکومتی مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے مؤقف اختیار کیا کہ بین الاقوامی قوانین اور پاکستان کے آئین کے مطابق کسی بھی شخص کو قیدِ تنہائی میں رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اور ایسے اقدامات قانونی اصولوں کے منافی ہیں۔