بھارت میں نیپاہ وائرس کے پھیلاؤ کے بعد محکمہ صحت سندھ نے احتیاطی ایڈوائزری جاری کر دی ہے، جس میں عوام اور طبی اداروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایڈوائزری میں واضح کیا گیا ہے کہ نیپاہ وائرس جانوروں سے انسانوں اور انسانوں سے انسانوں میں منتقل ہو سکتا ہے، تاہم اس وقت پاکستان میں نیپاہ وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
ایڈوائزری کے مطابق نیپاہ وائرس کے پھیلاؤ کی مختلف وجوہات ہو سکتی ہیں، جبکہ وائرس کی ابتدائی علامات میں بخار، سر درد، کھانسی، جسم میں درد اور الٹی شامل ہیں، جنہیں نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔ محکمہ صحت نے ہدایت کی ہے کہ مشتبہ علامات کی صورت میں فوری طور پر طبی معائنہ کروایا جائے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور تمام سرکاری و نجی اسپتالوں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام طبی ادارے وفاقی وزارت صحت کی جاری کردہ گائیڈ لائنز پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے۔