کوئٹہ میں موبائل فون ڈیٹا انٹرنیٹ سروس تیسرے روز بھی معطل رہی، جس کے باعث شہریوں کو روزمرہ امور انجام دینے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ تاحال سروس کی بحالی سے متعلق کوئی واضح اعلان سامنے نہیں آ سکا۔
اطلاعات کے مطابق ہفتے کے روز کوئٹہ میں معطل ہونے والی موبائل ڈیٹا انٹرنیٹ سروس اب تک بحال نہیں ہو سکی، جس کے باعث کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں اور طلبہ کو آن لائن تعلیمی سرگرمیوں میں بھی دشواری کا سامنا ہے۔
موبائل انٹرنیٹ کی بندش سے کاروباری افراد، طلبہ، فری لانسرز اور عام صارفین سمیت مختلف طبقات متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ شہریوں کا کہنا ہے کہ طویل بندش نے ان کی پیشہ ورانہ اور تعلیمی ذمہ داریوں کو مزید مشکل بنا دیا ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ سے اندرونِ ملک اور چمن کے لیے ٹرین سروس بھی تیسرے روز معطل رہی، جبکہ کوئٹہ سے پشاور کے لیے جعفر ایکسپریس بھی آج تیسرے روز روانہ نہ ہو سکی۔
ریلوے حکام کے مطابق چمن کے لیے پیسنجر ٹرین بھی آج روانہ نہیں کی گئی، جبکہ ٹرین سروس ناگزیر وجوہات کی بنیاد پر معطل کی گئی ہے، تاہم بحالی کے حوالے سے فی الحال کوئی حتمی وقت نہیں بتایا گیا۔