اسلام آباد میں پاکستان نے سعودی عرب سے 1.2 ارب ڈالر کی سعودی آئل فیسلٹی کی موجودہ مدت ختم ہونے کے بعد مزید دو سال کے لیے توسیع کی باضابطہ درخواست کر دی ہے۔ یہ درخواست ایسے وقت میں کی گئی ہے جب پاکستان جاری بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام کے تحت مالی استحکام کے اقدامات پر عمل پیرا ہے۔
اعلیٰ سرکاری ذرائع نے دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ پاکستان نے آئی ایم ایف پروگرام کی تکمیل تک سعودی آئل فیسلٹی میں توسیع کے لیے نئی درخواست سعودی حکام کو ارسال کر دی ہے اور اب اس حوالے سے سعودی عرب کی باضابطہ منظوری کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس سہولت میں توسیع سے پاکستان کو تیل کی درآمدات کے دباؤ کو کم کرنے اور زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم رکھنے میں مدد ملے گی۔
دوسری جانب وزارتِ پیٹرولیم اور وزارتِ خزانہ نے اس معاملے پر بار بار رابطے کے باوجود کسی قسم کا تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔ حکام کی خاموشی کے باعث اس درخواست پر پیش رفت کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔