اسلام آباد میں ایس آئی ایف سی کی جانب سے متعارف کرائی گئی معاشی اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، جن کے باعث پاکستان کی برآمدات میں واضح اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے مطابق جنوری کے مہینے میں پاکستان کی برآمدات پہلی بار 3 ارب ڈالر کی حد عبور کر گئی ہیں، جبکہ اسی دوران درآمدات کم ہو کر ساڑھے 5 ارب ڈالر کے قریب رہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ماہانہ بنیادوں پر برآمدات میں 35 فیصد نمایاں اضافہ ہوا، جبکہ درآمدات میں 5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ مالی سال کے پہلے سات ماہ کے دوران مجموعی برآمدات 18 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ اسی مدت میں درآمدات کا حجم 40 ارب ڈالر رہا۔
اعداد و شمار کے مطابق ٹیکسٹائل کا شعبہ برآمدات میں بدستور سرفہرست رہا، جہاں ویلیو ایڈڈ سیگمنٹ میں نمایاں بہتری دیکھی گئی۔ اس کے علاوہ اسپورٹس گڈز، کیمیکل، فارماسیوٹیکل اور انجینئرنگ مصنوعات کی برآمدات میں بھی واضح اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو برآمدی تنوع میں بہتری کی عکاسی کرتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جنوری 2026 کے دوران تجارتی خسارہ کم ہو کر 28 فیصد تک آ گیا ہے، جو معیشت کے لیے ایک مثبت پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق معاشی اصلاحات، پالیسی استحکام اور برآمدی شعبوں کی حوصلہ افزائی کے باعث آنے والے مہینوں میں برآمدات میں مزید بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔