امریکا نے سعودی عرب کو ایف 15 لڑاکا طیاروں کے آلات اور پرزہ جات فروخت کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے مطابق اس دفاعی معاہدے کی مجموعی مالیت تقریباً 3 ارب ڈالر ہے، جس کے تحت سعودی فضائیہ کے زیرِ استعمال ایف 15 جنگی طیاروں کی صلاحیت برقرار رکھنے اور ان کی آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنایا جائے گا۔
پینٹاگون کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس معاہدے کے تحت سعودی عرب میں محدود تعداد میں امریکی شہری کنٹریکٹرز یا امریکی فوجی عملہ طویل مدتی بنیادوں پر تعینات کیے جا سکتے ہیں، جو تکنیکی معاونت، دیکھ بھال اور تربیتی امور میں مدد فراہم کریں گے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب تین روز قبل امریکا نے سعودی عرب کو پیٹریاٹ میزائل سسٹمز فروخت کرنے کی بھی منظوری دی تھی، جس کی مجموعی مالیت تقریباً 9 ارب ڈالر بتائی گئی تھی۔ دفاعی ماہرین کے مطابق ان معاہدوں کا مقصد سعودی عرب کی دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانا اور خطے میں سیکیورٹی تعاون کو فروغ دینا ہے۔