جنوبی کوریا کی فوج کا ایک ہیلی کاپٹر ملک کے شمالی علاقے کاؤنٹی گیپیونگ میں حادثے کا شکار ہو کر گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار دونوں فوجی اہلکار ہلاک ہو گئے۔
جنوبی کوریا کی فوج کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا ہیلی کاپٹر AH-1S کوبرا ماڈل کا تھا، جو معمول کی تربیتی پرواز پر تھا اور دورانِ پرواز نامعلوم وجوہات کی بنا پر زمین سے ٹکرا گیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق حادثہ اچانک پیش آیا اور ہیلی کاپٹر گرنے کے بعد مکمل طور پر تباہ ہو گیا، جس کے باعث عملے کے دونوں ارکان موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔
فوجی حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، جو حادثے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے گی اور تکنیکی خرابی یا دیگر ممکنہ عوامل کا تعین کرے گی۔