سابق وزیر ریلوے اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد فوری طور پر پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹرز کے معائنے میں ان کی ایک شریان بند پائی گئی جس پر فوری طور پر اسٹنٹ ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا۔ طبی کارروائی کامیابی سے مکمل ہونے کے بعد انہیں اسپتال سے ڈسچارج کر کے آرام کے لیے گھر بھیج دیا گیا ہے۔
اس موقع پر ان کے چھوٹے بھائی اور صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق سمیت دیگر اہل خانہ بھی اسپتال میں موجود تھے اور انہوں نے ڈاکٹروں سے ان کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
خواجہ سعد رفیق نے بتایا کہ طبیعت میں خرابی محسوس ہونے پر وہ اسپتال چیک اپ کے لیے گئے تھے، جہاں معائنے کے دوران شریان کی بندش کا انکشاف ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز نے فوری طور پر ضروری طبی اقدامات کرتے ہوئے اسٹنٹ ڈالا، اور الحمدللہ علاج کے بعد وہ اس وقت گھر منتقل ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے کرم سے وہ بہتر محسوس کر رہے ہیں اور ڈاکٹروں کی ہدایات کے مطابق آرام کریں گے۔