اسلام آباد: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر مستحق خواتین کے لیے بڑی خوشخبری کا اعلان کرتے ہوئے سہ ماہی قسط میں ایک ہزار روپے اضافے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس سے مستفید ہونے والی خواتین کو اضافی مالی سہولت فراہم کی جائے گی۔
سہ ماہی قسط میں ایک ہزار روپے کے اضافے کے بعد مستحق خواتین کو ملنے والی رقم ساڑھے 13 ہزار روپے سے بڑھا کر ساڑھے 14 ہزار روپے کر دی گئی ہے، جس کے نتیجے میں مستحق خاندانوں کو مہنگائی کے موجودہ حالات میں کچھ حد تک ریلیف میسر آ سکے گا۔
اس کے علاوہ بینظیر تعلیمی وظائف اور بینظیر نشوونما پروگرام کے تحت فراہم کیے جانے والے وظائف میں بھی 500 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے، تاکہ زیرِ کفالت بچوں کی تعلیم اور نشوونما سے متعلق ضروری اخراجات میں مدد فراہم کی جا سکے۔
دوسری جانب سینیٹر روبینہ خالد کی زیرِ صدارت بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں براہ راست ای کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں مستحقین کے مسائل سنے گئے اور ان کے فوری حل کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی گئیں۔
اس موقع پر چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ جن خواتین نے ڈیجیٹل والٹ کے لیے مفت سم حاصل نہیں کی، وہ بلا تاخیر اپنی سم کے حصول کے لیے قریبی بی آئی ایس پی دفاتر سے رجوع کریں تاکہ ادائیگیوں کا نظام مزید شفاف اور آسان بنایا جا سکے۔