آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سُپر ایٹ مرحلے کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان کرکٹ ٹیم آج شام پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی، تاکہ اہم مرحلے کے آغاز سے قبل اپنی حکمت عملی کو حتمی شکل دی جا سکے۔
کولمبو میں کل سُپر ایٹ مرحلے کا باقاعدہ آغاز پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہوگا، جو ٹورنامنٹ کے اس مرحلے کا افتتاحی مقابلہ ہوگا۔ یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے شروع ہوگا، جس کے لیے دونوں ٹیموں نے اپنی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔
اس میچ سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی دوپہر کے وقت ٹریننگ سیشن میں حصہ لے گی، جہاں کھلاڑی میدان کے حالات سے ہم آہنگ ہونے اور حکمت عملی پر کام کریں گے۔
واضح رہے کہ سُپر ایٹ مرحلے میں پاکستان ٹیم کو اپنے اگلے میچز انگلینڈ اور سری لنکا کے خلاف کھیلنے ہیں، جو ٹورنامنٹ میں آگے بڑھنے کے لیے انتہائی اہم تصور کیے جا رہے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے تمام میچز جیو سوپر اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم مائیکو پر براہ راست نشر کیے جا رہے ہیں، جہاں شائقین کرکٹ یہ مقابلے براہ راست دیکھ سکتے ہیں۔