امریکا اور اسرائیل کے حملے میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر شہر قائد میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور متعدد اہم شاہراہوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ اقدامات امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کیے گئے ہیں۔
پی آئی ڈی سی چوک سے ایم ٹی خان روڈ جانے والا پل کنٹینرز رکھ کر بند کر دیا گیا ہے، جبکہ ایم ٹی خان روڈ پر سلطان آباد کے مقام پر بھی رکاوٹیں کھڑی کر کے آمد و رفت معطل کر دی گئی ہے۔ اسی طرح بوٹ بیسن سے مائی کولاچی بائی پاس جانے والا راستہ بھی بند کر دیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ایم ٹی خان روڈ سے پی آئی ڈی سی روڈ اور مائی کولاچی روڈ ریلوے پھاٹک تک ٹریفک کی آمد و رفت مکمل طور پر معطل ہے۔ ادھر شارع فیصل پر ایف ٹی سی سے جناح اسپتال موڑ تک جانے والا ٹریک بھی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شارع فیصل کو ایف ٹی سی کے قریب عام ٹریفک کے لیے بند کیا گیا ہے جبکہ ایف ٹی سی سے میٹرو پول جانے والی سڑک پر بھی رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں۔ ایف ٹی سی کی جانب آنے والی ٹریفک کو گورا قبرستان سے یوٹرن لے کر صدر کی جانب بھیجا جا رہا ہے۔
متعدد سڑکیں بند ہونے کے باعث دفاتر اور دیگر مقامات پر جانے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور مختلف شاہراہوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔