شہر کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر جامعہ کراچی اور سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی انتظامیہ نے طلبہ کے لیے جامعہ بند رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق امن و امان کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ احتیاطی تدبیر کے طور پر کیا گیا ہے۔
جامعہ کراچی میں تدریسی عمل مکمل طور پر معطل رہے گا جبکہ 2 مارچ کو ہونے والے تمام امتحانات بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ رجسٹرار جامعہ کراچی کے مطابق امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد ازاں کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے نوٹیفکیشن وائس چانسلر کی منظوری سے جاری کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی انتظامیہ نے بھی آج ہونے والی تمام کلاسز ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تاہم فیکلٹی ممبران اور انتظامی عملے کو معمول کے مطابق حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امتحانی نتائج کی تیاری اور رجسٹریشن سے متعلق تمام انتظامی امور طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے تاکہ تعلیمی اور دفتری معاملات متاثر نہ ہوں۔ اس سلسلے میں رجسٹرار سید سرفراز علی کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں، جس کے باعث سکیورٹی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔