راولپنڈی میں انسدادِ دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ایران پر حملے کے بعد مشرق وسطیٰ میں شروع ہونے والی جنگ مزید پھیل سکتی ہے، اس لیے پاکستانی قوم کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔
شیخ رشید احمد نے آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحے پر عالم اسلام میں گہرے دکھ اور رنج کی کیفیت پائی جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں کشیدگی میں اضافہ تشویش ناک ہے اور اس کے اثرات دور رس ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں یہ جنگ مزید شدت اختیار کر سکتی ہے، لہٰذا پاکستانی عوام کو محتاط رہنا چاہیے اور اپنے اسکولوں، مساجد اور اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھنی چاہیے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔
ملکی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ غریب آدمی پہلے ہی شدید مشکلات کا شکار ہے اور معاشی طوفان میں گھرا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹے کی قیمت 150 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے، ملک کے معاشی حالات خراب ہو چکے ہیں اور عام آدمی کی زندگی مزید دشوار ہو گئی ہے۔