پاکستان سے آج بھی یو اے ای، بحرین، کویت اور قطر سمیت مشرق وسطیٰ کے مختلف ممالک کے لیے مجموعی طور پر 116 پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور متعدد افراد کو سفر کے منصوبے مؤخر کرنا پڑے۔
ذرائع کے مطابق کراچی ایئرپورٹ سے دبئی، ابو ظبی، قطر، شارجہ، کویت اور بحرین جانے والی 32 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ اسی طرح اسلام آباد ایئرپورٹ سے دبئی، ابو ظبی، دوحہ، بحرین، کویت اور شارجہ سمیت دیگر مقامات کے لیے 28 پروازیں آپریٹ نہ ہو سکیں۔
لاہور ایئرپورٹ پر دبئی، ابو ظبی، قطر، کویت اور بحرین جانے والی 20 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ پشاور ایئرپورٹ سے دبئی، شارجہ، قطر اور ابو ظبی کی 16 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
مزید برآں ملتان ایئرپورٹ سے دبئی، شارجہ، راس الخیمہ، بحرین، دوحہ اور کویت کی 10 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ ذرائع کے مطابق فیصل آباد سے 4 اور کوئٹہ ایئرپورٹ سے مشرق وسطیٰ کی 2 پروازیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔