کراچی: مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باعث فضائی حدود کی اچانک بندش کے بعد قطر ایئر ویز، فلائی دبئی اور ایئر عربیہ کے تین طیارے 28 فروری سے کراچی ایئرپورٹ کی پارکنگ میں موجود ہیں۔ اس غیر معمولی صورتحال کے نتیجے میں غیر ملکی ایئرلائنز کے طیاروں کی آمد اور قیام سے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کو پارکنگ فیس کی مد میں ہزاروں ڈالر کا ریونیو بھی حاصل ہوا ہے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق 28 فروری کو فضائی حدود کی اچانک بندش کے باعث پاکستان کی فضائی حدود سے گزرنے والی 27 پروازوں نے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی۔ ان میں ٹیکنیکل لینڈنگ، ڈائیورژن اور ری روٹ کیے گئے طیارے شامل تھے۔
ترجمان پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق عالمی ہوا بازی کی تنظیم کی ہدایات کے تحت آپریشنل کرائسز کنٹرول تمام ایئرپورٹس پر فعال کر دیا جاتا ہے۔ 28 فروری کو کراچی ایئرپورٹ پر 15 سے زائد طیاروں کی ڈائیورژن ہوئی، جن میں سے مختلف ایئرلائنز کے 12 طیارے بعد ازاں روانہ ہو گئے، تاہم غیر ملکی ایئرلائنز کے تین طیارے تاحال پارکنگ ایریا میں موجود ہیں۔ ان میں قطر ایئر ویز، فلائی دبئی اور ایئر عربیہ کے طیارے شامل ہیں۔
ان پروازوں کے مسافر 28 فروری سے کراچی کے مختلف ہوٹلوں میں مقیم ہیں جبکہ متعلقہ ایئرلائنز اپنے مسافروں کو متبادل پروازوں کے ذریعے ان کی منزل مقصود تک پہنچانے کے انتظامات کر رہی ہیں۔