پاکستان نے اقوام متحدہ میں بحرین اور روس دونوں ممالک کی جانب سے پیش کی گئی قراردادوں کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایران پر امریکا اور اسرائیل کی جانب سے کیے گئے حملوں کی بھی مذمت کی ہے۔
سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات پر ایرانی حملوں کے نتیجے میں دو پاکستانی شہری جاں بحق ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران پر ہونے والے حملوں نے عالمی امن و استحکام کو سنگین خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔
پاکستان کے مستقل مندوب نے امید ظاہر کی کہ خلیجی ممالک کی سرزمین پر حملے فوری طور پر بند کیے جائیں گے اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے حقوق اور آزادیوں کو نقصان نہیں پہنچایا جائے گا تاکہ خطے میں کشیدگی مزید نہ بڑھے۔
انہوں نے کہا کہ ان ممالک کو جنگ کے بدترین نتائج کا سامنا نہیں کرنا چاہیے تھا اور پاکستان اس صورتحال میں ان کی حکومتوں اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
عاصم افتخار نے مزید کہا کہ پاکستان روسی فیڈریشن کی جانب سے پیش کردہ مسودہ قرارداد کو بھی مثبت نظر سے دیکھتا ہے کیونکہ یہ اقوام متحدہ کے منشور کے دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے تیار کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ روسی قرارداد کا بنیادی مقصد فریقین پر زور دینا ہے کہ وہ فوری طور پر فوجی سرگرمیاں بند کریں، مزید کشیدگی سے گریز کریں اور مذاکرات کی میز پر واپس آئیں، جو کہ پاکستان کے مجموعی مؤقف کے عین مطابق ہے۔