نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی نے ڈیجیٹل شناختی کارڈ قبول نہ کرنے والے اداروں کو خبردار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ڈیجیٹل شناختی کارڈ قانونی طور پر فزیکل شناختی کارڈ کے مساوی حیثیت رکھتا ہے۔
نادرا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بعض سرکاری دفاتر اور ادارے شہریوں سے ڈیجیٹل شناختی کارڈ کے بجائے فزیکل شناختی کارڈ یا اس کی فوٹو کاپی طلب کر رہے ہیں، جو موجودہ قانونی اور ضابطہ جاتی فریم ورک کے خلاف ہے۔
اتھارٹی کے مطابق نادرا آرڈیننس کے تحت ڈیجیٹل شناخت سے متعلق ضوابط وضع کیے گئے ہیں، جبکہ ریگولیشن 9 اور 10 کے تحت ڈیجیٹل شناختی اسناد کو باقاعدہ قانونی حیثیت حاصل ہے۔ ان ضوابط کے مطابق ڈیجیٹل شناختی اسناد کو شناخت کے درست اور قابل قبول ثبوت کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔
نادرا کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل شناختی کارڈ کے استعمال سے شناختی کارڈ کی غیر ضروری فوٹو کاپیوں کی ضرورت کم ہو جاتی ہے، جس سے شہریوں کے ذاتی ڈیٹا کے تحفظ کو یقینی بنانے میں مدد ملتی ہے اور شناختی معلومات کے ممکنہ غلط استعمال کی روک تھام بھی ممکن ہوتی ہے۔
اتھارٹی نے تمام سرکاری محکموں، عوامی اداروں، مالیاتی اداروں اور ٹیلی کام آپریٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ڈیجیٹل شناختی کارڈ سے متعلق جاری کردہ احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
نادرا نے شہریوں کو بھی آگاہ کیا ہے کہ اگر کسی ادارے کی جانب سے ڈیجیٹل شناختی کارڈ قبول نہ کیا جائے تو وہ اپنی شکایات نادرا کے سرکاری شکایتی نظام کے ذریعے درج کرا سکتے ہیں۔