متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی فاروق ستار نے کامران ٹیسوری کو گورنر سندھ کے عہدے سے ہٹائے جانے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اس فیصلے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں فاروق ستار نے کہا کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو عہدے سے ہٹانے کے فیصلے کے ذریعے وفاقی حکومت اور وزیراعظم نے واضح پیغام دیا ہے کہ اب انہیں ہماری ضرورت نہیں رہی۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو پارٹی کی ریڈ لائن قرار دینا چاہیے اور ایم کیو ایم پاکستان کو فوری طور پر حکومت سے علیحدگی اختیار کرنے پر غور کرنا چاہیے۔
اس سے قبل ایم کیو ایم کے ترجمان کی جانب سے بھی کہا گیا تھا کہ وفاقی حکومت نے گورنر سندھ کی تبدیلی کے فیصلے سے قبل پارٹی کو اعتماد میں نہیں لیا۔ ترجمان کے مطابق اس معاملے پر پارٹی جلد اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے کامران ٹیسوری کو عہدے سے ہٹا کر مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی کو گورنر سندھ مقرر کر دیا ہے۔
اس تقرری کی صدر آصف علی زرداری نے منظوری دے دی ہے جبکہ نہال ہاشمی آج گورنر سندھ کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔