سندھ حکومت نے یوم القدس اور متوقع جمعۃ الوداع کے موقع پر آج صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت تمام سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
صوبائی حکام کے مطابق یوم القدس کے موقع پر سیکیورٹی اور انتظامی امور کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ مذہبی اجتماعات اور جلوسوں کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔
یوم القدس کے حوالے سے کراچی میں ٹریفک پولیس کی جانب سے خصوصی ٹریفک پلان بھی جاری کیا گیا ہے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق آج دوپہر 12 بجے سے شہر کی مختلف اہم سڑکوں کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا جائے گا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق بوٹ بیسن سے جناح برج اور مائی کلاچی آنے جانے والی دونوں سڑکیں بند رہیں گی، جبکہ پی آئی ڈی سی سے جناح برج اور ایم ٹی خان روڈ جانے والے دونوں ٹریک بھی ٹریفک کے لیے بند ہوں گے۔ اسی طرح بوٹ بیسن سے مائی کلاچی آنے والی ٹریفک کو یوٹرن دے کر واپس بھیجا جائے گا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ پی آئی ڈی سی سے جناح برج کی طرف آنے والی ٹریفک کو کھجور چوک کی جانب موڑا جائے گا، جبکہ جناح برج سے آنے والی گاڑیوں کو آئی آئی چندریگر روڈ کی طرف بھیجا جائے گا تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے۔
دوسری جانب اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے بھی یوم القدس کے موقع پر آج تعلیمی اداروں میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔