وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جدہ میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے دوران مشکل اور آزمائشی حالات میں سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔
مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے پس منظر میں ہونے والی اس اہم ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ صورتحال اور حالیہ پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے قریبی اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مشکل وقت میں سعودی عرب کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے اور ہر سطح پر اپنے تعاون اور حمایت کا اظہار جاری رکھے گا۔
ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور علاقائی استحکام کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔