پاکستان کے معاشی مرکز کراچی کی بندرگاہ سے متحدہ عرب امارات کے لیے نئی فیڈر شپنگ سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان بحری تجارتی روابط کو مزید تقویت ملنے کی توقع ہے۔
محکمہ میری ٹائم کے وزیر جنید انوار چوہدری کے مطابق کراچی گیٹ وے ٹرمینل سے فجیرہ اور خورفکن کے لیے باقاعدہ شپنگ سروس شروع کر دی گئی ہے اور اس سروس کے تحت پہلا فیڈر شپ کراچی گیٹ وے ٹرمینل پہنچ چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس نئی فیڈر سروس کے آغاز سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان شپنگ رابطے مزید مضبوط ہوں گے اور خطے میں بحری تجارت کے فروغ میں مدد ملے گی۔
حکام کے مطابق کراچی سے فجیرہ اور خورفکن تک براہ راست کنٹینر شپنگ رابطے قائم ہونے سے پاکستانی برآمد کنندگان اور درآمد کنندگان کو عالمی شپنگ نیٹ ورک تک زیادہ آسان اور تیز رسائی حاصل ہو سکے گی۔
اس پیش رفت کو تجارتی سرگرمیوں میں اضافے اور علاقائی بندرگاہوں کے ساتھ رابطوں کے فروغ کے لیے اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔