بلوچستان میں کفایت شعاری اقدامات کے تحت سرکاری دفاتر میں ہفتے میں تین دن کی تعطیلات کے فیصلے پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے جس کے بعد صوبے میں چار روزہ ورک ویک نافذ ہو گیا ہے۔
حکومت بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو سرکاری دفاتر میں تعطیل ہوگی جبکہ دفتری امور صرف پیر، منگل، بدھ اور جمعرات کو انجام دیے جائیں گے۔
حکومتی فیصلے کے مطابق کفایت شعاری اور توانائی کے بہتر استعمال کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ اقدام کیا گیا ہے تاکہ سرکاری اخراجات میں کمی لائی جا سکے اور انتظامی امور کو مؤثر انداز میں جاری رکھا جا سکے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مختلف سرکاری دفاتر آج جمعہ کے روز بند رہے اور نئے ورکنگ شیڈول کے تحت سرکاری اداروں میں چار دن کام کرنے کا نظام باقاعدہ طور پر نافذ کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد وسائل کے مؤثر استعمال کے ساتھ ساتھ سرکاری اخراجات میں کمی لانا اور انتظامی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔