کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ بنوں ریجن نے لکی مروت کے علاقے شاگئی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق شاگئی میں کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔ تقریباً 40 منٹ تک جاری رہنے والی کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے مزید ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 4 کلاشنکوف، 2 پستول، 8 دستی بم اور آئی ای ڈی بھی برآمد کیے گئے ہیں۔
ادھر جمعہ کے روز لکی مروت میں ہونے والے دھماکے میں شہید ہونے والے 7 اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کر دی گئی جہاں سیکیورٹی حکام اور اہلکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔