کراچی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر حملے بڑھانے کے اعلان کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج شدید مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے، جس سے سرمایہ کاروں میں تشویش بڑھ گئی ہے۔
جمعرات کو کاروبار کے آغاز سے ہی مارکیٹ دباؤ کا شکار رہی، اور ابتدائی لمحات میں ہی 100 انڈیکس 3,763 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 151,748 کی سطح پر آ گیا۔
ٹریڈنگ کے دوران منفی رجحان مزید شدت اختیار کر گیا اور 100 انڈیکس 4,088 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 151,423 پوائنٹس تک گر گیا، جو مارکیٹ میں نمایاں گراوٹ کی عکاسی کرتا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس مجموعی طور پر 2.63 فیصد کم ہوا، جو سرمایہ کاروں کے محتاط رویے کو ظاہر کرتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر کے ایران جنگ سے جلد نکلنے کے بیان کے بعد مارکیٹ میں نمایاں تیزی دیکھی گئی تھی، تاہم تازہ اعلان کے بعد صورتحال یکسر تبدیل ہو گئی ہے۔