کراچی کے مختلف علاقوں میں رات سے ہلکی بارش اور بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے اور شہری علاقوں میں ٹھنڈک محسوس کی جا رہی ہے۔
آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، اولڈ سٹی، ایم اے جناح روڈ، ملیر اور کورنگی سمیت مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ ڈیفنس، شاہ فیصل کالونی اور دیگر علاقوں میں بھی ہلکی بارش اور بوندا باندی دیکھی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 4 اپریل کے دوران کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ہے، جن میں جامشورو، دادو، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، سکھر، خیرپور، کشمور، جیکب آباد، مٹیاری، تھرپارکر، عمرکوٹ، بدین، ٹھٹھہ اور حیدرآباد شامل ہیں۔
ادارے کا کہنا ہے کہ اس دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق شہر اور گردونواح میں بارش کی پیشگوئی کے باعث حفاظتی اقدامات کے طور پر بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی عارضی طور پر معطل کی جا سکتی ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ بارش رکنے اور فیلڈ ٹیموں سے کلیئرنس ملنے کے بعد بجلی کی فراہمی مرحلہ وار بحال کر دی جاتی ہے۔