بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر یوراج سنگھ نے پہلی بار کھل کر اپنے والد یوگ راج سنگھ کے متنازع بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے ایم ایس دھونی اور کپل دیو سے معافی مانگنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک پوڈکاسٹ کے ٹیزر میں یوراج سنگھ نے کہا کہ وہ ایم ایس دھونی اور کپل دیو سے معذرت کرنا چاہتے ہیں، اور اس معاملے پر اپنی پوزیشن واضح کرنا ضروری سمجھتے ہیں۔
پوڈکاسٹ کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ اپنے والد کے انٹرویوز سن کر برا محسوس کرتے ہیں، تو یوراج نے اشارہ دیا کہ انہوں نے اپنے والد کو واضح طور پر کہا تھا کہ اس طرح کا رویہ درست نہیں ہے۔
یاد رہے کہ یوراج سنگھ بھارتی کرکٹ کے اس سنہری دور کا حصہ رہے ہیں جب ٹیم میں سچن ٹنڈولکر، وریندر سہواگ، ایم ایس دھونی اور ظہیر خان جیسے نامور کھلاڑی شامل تھے، اور انہوں نے 2007 کے ٹی 20 ورلڈ کپ اور 2011 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں نمایاں کردار ادا کیا تھا۔
اس عرصے میں ایم ایس دھونی ٹیم کے مستقل کپتان رہے، جس کے باعث یوراج سنگھ کو طویل مدت تک قیادت کا موقع نہیں مل سکا، جس پر بعد ازاں ان کے والد یوگ راج سنگھ نے متعدد بار دھونی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
یوگ راج سنگھ ماضی میں بھی اپنے سخت اور متنازع بیانات کے باعث خبروں میں رہے ہیں، اور 2025 میں ایک یوٹیوب انٹرویو کے دوران انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ 1980 کی دہائی میں ٹیم سے نکالے جانے کے بعد وہ کپل دیو سے شدید ناراض تھے اور ان کے گھر جا کر دھمکی بھی دی تھی، جبکہ انہوں نے بھارتی کرکٹ کی قیادت پر بھی تنقید کی تھی۔