وزیرِ اعظم کی کفایت شعاری مہم کے تحت قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے موجودہ مالی سال کے بجٹ اور اخراجات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد 47 کروڑ 21 لاکھ روپے قومی خزانے میں جمع کروا دیے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ارکانِ قومی اسمبلی کی تنخواہوں سے 2 کروڑ 10 لاکھ روپے کی کٹوتی کی گئی، جو وزیرِ اعظم کے کفایت شعاری فنڈ 2026 میں جمع کروا دی گئی ہے، تاکہ حکومتی اخراجات میں کمی لائی جا سکے۔
اسپیکر کی ہدایت کے مطابق اسمبلی سیکریٹریٹ میں کفایت شعاری اقدامات کو ہر سطح پر نافذ کیا جا رہا ہے، جبکہ آئندہ ہفتوں میں مزید رقوم قومی خزانے میں جمع کروانے کی منصوبہ بندی بھی کی گئی ہے۔
کفایت شعاری اقدامات کے تحت قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے فیول اور توانائی کی بچت کے لیے 75 فیصد سرکاری گاڑیوں کو محدود کر دیا ہے، جس سے اخراجات میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
سیکریٹریٹ کا ہدف ہے کہ مجموعی طور پر 2 ارب روپے تک کی بچت حاصل کی جائے اور غیر ضروری اخراجات کو کم کر کے مالی نظم و ضبط کو بہتر بنایا جائے۔