قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے داماد علی عمران کے نام اربوں روپے کی جائیداد کا انکشاف ہوا ہے۔ علی اینڈ کمپنی میں 60 لاکھ کے شیئرز علی عمران کی ملکیت نکلے۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے شہباز شریف کے داماد علی عمران کی جائیداد کی تفصیلات عدالت میں پیش کر دی ہیں۔
نیب کے مطابق علی عمران لاہور کے ایم ایم عالم روڈ پر علی ٹاور کی 67 دکانوں اور دفاتر کے بھی مالک ہیں جب کہ علی اینڈ فاطمہ ڈیولپرز کے ایک کروڑ کے شیئرز میں سے 65 لاکھ کے شیئرز بھی علی عمران کے ہیں۔
علی عمران لاہور کے ڈی ایچ اے میں دو کنال کے رہائشی پلاٹ کے مالک ہیں جب کہ علی پروسیڈ ڈیولپرز، غوث اعظم ڈیولپرز اور دیگر جائیداد میں بھی علی عمران حصہ دار ہیں۔ اسی طرح شہباز شریف کے داماد علی فوڈ پروسیڈ ڈیولپرز میں بھی 50 لاکھ کے شیئر ہولڈرز ہیں جن میں علی عمران اور ان کی اہلیہ رابعہ برابر کے حصے دار ہیں۔
نیب پراسیکیورٹر کے مطابق علی عمران لاہور کے علاقے گلبرگ تین کے 99/100 A بلاک میں کروڑوں روپے مالیت کا پلاٹ اور مدینہ فیڈز مل بھی علی عمران کی ملکیت ہے جب کہ علی عمران پر پنجاب پاور ڈیولپمنٹ کمپنی کے سی ایف او نوید اکرام سے 13 کروڑ رشوت لینے کا الزام بھی ہے۔
واضح رہے کہ عدالت نے علی عمران کی جائیداد قرق کرنے کا حکم دیتے ہوئے نیب کو جائیداد کی تفصیلی رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی تھی۔