پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی 39 برس کے ہو گئے ہیں، جارحانہ مزاج کے سبب عوام میں بے حد مقبول ہیں۔
شاہد خان آفریدی یکم مارچ 1980ء کو خیبرایجنسی میں پیدا ہوئے، 1996ء میں سری لنکا کے خلاف اپنے دوسرے انٹرنیشنل میچ میں 37 گیندوں پردنیا کی تیزترین سنچری بنا کرراتوں رات شہرت کی بلندیوں پرپہنچ گئے۔ان کا یہ ریکارڈ تقریباً 17 سال تک قائم رہا جسے بعد ازاں نیوزی لینڈ کے کوری اینڈرسن اورپھرجنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز نے اپنے نام کر لیا۔
نوے کی دہائی میں کرکٹ کی دنیا میں قدم رکھنے والے شاہد آفریدی بوم بوم آفریدی کے نام سے بھی پہچانے جاتے ہیں۔ ان کو یہ نام بھارت کے معروف کرکٹر اور کمنٹیٹر راوی شاستری نے دیا۔
آفریدی اپنی جارحانہ بلے بازی کی بدولت پوری دنیا میں پہچانے جاتے ہیں اوراسی بدولت کئی ریکارڈ اپنے نام کیے ہیں جس میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ اورسب سے بہترین اسٹرائیک ریٹ کا ریکارڈ شامل ہے۔
حال ہی میں کئے گئے ایک سروے کے مطابق وہ پاکستان کے سب سے مشہور کھلاڑی ہیں۔
شاہد آفریدی کو 2018ء میں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔