ہالینڈ کے وسطی شہر یوٹریکٹ میں مسافر ٹرام پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ہالینڈ کے وسطی شہر میں مسافروں کو لے جانے والی ٹرام پر نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے ٹرام اسٹیشن کا محاصرہ کرلیا، جب کہ ریسکیو ٹیم کو بھی جائے وقوعہ پر روانہ کردیا گیا ہے،ریسکیو ٹیم میں طبی سہولیات سے لیس 3 ہیلی کاپٹر بھی شامل ہیں۔ قریبی اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
ٹرام اسٹیشن کے اطراف رہنے والے افراد کو گھر سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال لایا گیا ہے۔ مسافروں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
فائرنگ کے واقعے میں جانی یا مالی نقصان سے متعلق تفصیلات کا انتظار ہے۔