دنیا کے سب سے بڑے اسلامی ملک انڈونیشیا میں صدارتی، پارلیمانی اور بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے۔
انڈونیشیا کے 19 کروڑ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز ملک کے نئے صدر کے لیے ووٹ ڈال رہے ہیں جب کہ پولنگ کا عمل مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے شروع ہوا تاہم دارالحکومت جکارتہ میں پولنگ دو گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوئی۔
صدر جوکو وِدو دو اور سابق جنرل پَرابووو سُبیانتو کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
صدارتی، پارلیمانی اور بلدیاتی انتخابات کے لیے 8 لاکھ پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں اور مجموعی طور پر 2 لاکھ 45 ہزار امیدوار میدان میں ہیں۔
انڈونیشین انتخابات میں پارلیمان کی 575 اور مقامی حکومتوں کی 19 ہزار 817 نشستیں ہیں اور انتخابات کو پرامن بنانے کے لیے 4 لاکھ 43 ہزار پولیس اور 4 لاکھ 20 ہزار فوجی اہلکار تعینات ہیں۔
یاد رہے کہ انڈونیشیا کی کُل آبادی 26کروڑ 40 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے اور اس کے 33 صوبے ہیں۔