اوکاڑہ: حویلی لکھا کے محلہ اسلام نگر میں شدید بارشوں کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 3 کمسن بچیاں جاں بحق ہوگئیں۔
اوکاڑہ کے علاقہ حویلی لکھا کے محلہ اسلام نگر میں شدید بارشوں کے نتیجے میں مکان کی چھت گرنے سے 3 کمسن بچیاں جاں بحق جب کہ ایک خاتون سمیت تین افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طبی امداد کیلیے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ میں جاں بحق ہونے والی کمسن بچیوں میں 4 سالہ مبشرہ، 3سالہ مبرہ اور ایک سالہ فائزہ شامل ہیں جو کہ آپس میں بہنیں ہیں جب کہ زخمیوں میں عبدالواحد، شاہدہ بی بی اور فاطمہ شامل ہیں۔ بد نصیب خاندان پاکپتن سے حویلی لکھا شادی پر آئے ہوئے تھے۔
دوسری جانب گوجرانوالہ کے علاقہ کشمیر کالونی میں بارش اور تیز آندھی سے گھر کی چھت گر گئی، ریسکیو ذرائع کے مطابق چھت گرنے سے تین خواتین سمیت پانچ افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں تین خواتین اور دو کمسن بچے شامل ہیں جنہیں طبی امداد کیلیے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ حالیہ شدید بارشیوں کے نتیجے میں صوبہ بلوچستان میں بھی مختلف حادثات میں 8 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوچکے ہیں۔