سندھ کے مشہورومقبول صوفی بزرگ حضرت لعل شہباز قلندر کے 676وین عرس کی تین روزہ تقریبات آج سے شروع، ملک بھر سے زائرین اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد ان کے مزار پر پہنچ گئ۔ اس سال 25 لاکھ سے زائد زائرین کی آمد متوقع۔
عرس کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز گورنر سندھ عمران اسماعیل حضرت لال شہباز قلندر کے مزار پر چادر چڑھا کر کریں گے۔ عرس مبارک 18 سے 20 شعبان المعظم بمطابق 24، 25 اور 26 اپریل تک جاری رہے گا۔
زائرین کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔ سیہون میں مختلف مقامات پر پانی کی سبیلیں،ایمرجنسی ریسپانس سینٹرز اور زائرین کیلئے ٹینٹ لگائے گئے ہیں۔ مختلف مقامات پر طبی امدادی مراکز اور ہیٹ اسٹروک سینٹرز بھی بنائے گئے ہیں۔
عرس کے موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ سندھ پولیس کے پانچ ہزار اور رینجرز کے 200 جوان سیکیورٹی پر تعینات کیے گئے ہیں۔
سیہون میں میلے کی مانیٹرنگ کے لیے 500 سو سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔