ملک کے بیشتر حصوں میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا جب کہ کراچی میں ہیٹ ویو کے اثرات آج سے محسوس کیے جا سکیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یکم سے 3 مئی کے درمیان آنے والے ہیٹ ویوکے حوالے سے محکمہ موسمیات کی پیش گوئی برقرارہے۔ ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات سردارسرفراز کا کہنا ہے کہ ہیٹ ویو کے دوران سمندری ہوائیں دن کے وقت معطل رہیں گی، بلوچستان اورسندھ کی صحرائی ہوائیں شہرمیں داخل ہوں گی جب کہ ہیٹ ویو کے دوران گرمی کا پارہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک بلند ہوسکتا ہے۔
کراچی میں آج سے ہی ہیٹ ویو کے اثرات آنا شروع ہو جائیں گے۔
ہیٹ ویو یکم مئی سے 3 مئی کے دوران ہو گا۔ ہوا میں نمی کم ہونے کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جائے گی۔
کراچی میں صبح کے اوقات میں کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 51 فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں شمال مشرق کی جانب سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار5 ناٹیکل مائیل ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں بھی آج موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، کوہاٹ، پشاور میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان جب کہ راولپنڈی، اسلام آباد، سرگودھا، لاھور، فیصل آباد ڈویژن میں چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔
گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی گرج چمک کے ساتھ آج بارش کا امکان جب کہ جنوبی پنجاب اور سندھ میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
گزشتہ روز بھی جنوبی پنجاب اور سندھ سمیت ملک کے مختلف حصوں میں موسم گرم رہا جب کہ مالاکنڈ ڈویژن، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد اور خیبرپختونخوا میں رات گئے چند مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی جس کے بعد گرمی کی شدت میں کمی ہو گئی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جیکب آباد میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ سکھر، روہڑی، سکرنڈ اور شہید بینظیر آباد میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔