وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے جس میں ایمنسٹی اسکیم کی منظوری دی جائے گی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے جس میں ایمنسٹی اسکیم پر بریفنگ دی جائے گی جس کے بعد کابینہ ایمنسٹی اسکیم کی منظوری دے گی، وفاقی کابینہ سے کالا دھن سفید کرنے کی اجازت کے متعلق ایمنسٹی اسکیم کیلئے ایسٹ ڈیکلیئریشن آرڈیننس 2019 کی منظوری آج دیے جانے کا امکان ہے جس کے بعد 21 مئی تک ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کا باضابطہ اعلان متوقع ہے جب کہ صدارتی آرڈیننس کےذریعے ایمنسٹی اسکیم لاگو کی جائے گی۔
اجلاس میں کابینہ کو ملکی موجودہ نظام تعلیم سے متعلق بھی بریفنگ دی جائے گی جب کہ مدارس کوقومی دھارے میں لانے سے متعلق پیش رفت کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ وفاقی کابینہ چین کی جانب سے انسداد منشیات کے لیے عطیہ کردہ سامان پرڈیوٹی کی چھوٹ کا معاملہ بھی دیکھے گی اوراجلاس میں نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی اورمصر کے نشینل مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے درمیان مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی جائے گی۔
کابینہ اجلاس میں اضافی حج کوٹے کی منظوری دیئے جانے کا بھی امکان ہے، اجلاس میں کراچی اورکوئٹہ کی خصوصی عدالت برائے انسداد منشیات کے ججوں کی تعیناتی کی منظوری دی جائے گی جب کہ کابینہ قومی ائیرلائین کے چارٹراورائیریل ورک لائسنس کی تجدید پرغور کرے گی اوربیرون ملک قید پاکستانیوں کو قونصلر رسائی پالیسی کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔