محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتہ سے ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی ہے تاہم آج میدانی پنجاب، بالائی سندھ اور پشاور ڈویژن میں چند مقامات پر دھند ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں شدید کہر پڑنے کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ ہفتہ کی صبح اسلام آباد میں مطلع صاف رہنے کے باوجود سردی کی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اوردرجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
پنجاب کے مختلف اضلاع میں دھند پڑنے سے حد نگاہ کم ہو کر رہ گئی ہے۔ لاہور میں بھی مختلف مقامات پرہلکی دھند کے ڈیرے ہیں اور شہر کا درجہ حرارت کم سے کم چار ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
موٹروے پولیس نے خبر دی ہے کہ ایم ون، ایم ٹو اور ایم تھری شدید دھند کی لپیٹ میں جس کے سبب ٹریفک سست روی کا شکار ہے۔ ایم ون کو برھان انٹر چینج سے پشاور تک بند کردیا گیا ہے، ایم ٹو کوٹ مومن سے لاہور تک بند ہے اور ایم تھری پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک شدید دھند کی وجہ سے بند ہے۔
محکمہ ٹریفک پولیس نے خبردار کیا ہے کہ شہری غیرضروری سفر سے گریز کریں اور سفر شروع کرنے سے پہلے ہمسفر ایپ، ایف ایم 95 ریڈیو اسلام آباد اور ہیلپ لائن 130 سے معلومات لیں اور سفر سے پہلے اور دوران ہمسفر ایپ کا استعمال مفید ثابت ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی سندھ میں بھی چند مقامات پر دھند پڑنے کا امکان ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔
بلوچستان کے تمام اضلاع میں خشک سردی پڑنے کا سلسلہ جاری ہے۔ منگل کے روز زیارت میں سب سے زیادہ سردی پڑنے کا اندیشہ ہے جہاں کا درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ تک نیچے آسکتا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی موسم سرد اور خشک رہا۔ سب سے زیادہ سردی سکر دو میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت منفی 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
استور منفی10، گوپس منفی 08، کالام، گلگت، کوئٹہ، قلات، ہنزہ منفی 07، بگروٹ، راولاکوٹ، دیر منفی 05، مالم جبہ، مری منفی 04، دالبندین، لوئیر دیر، کاکول، دروش منفی 03، بالاکوٹ، چلاس، میرکھانی، بونجی منفی 02 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔