انسٹا گرام پر غزہ کی صورتحال پر ایک پوسٹ وائرل ہوئی ہے جس میں ایک تصویر میں آل آئیز آن رفح لکھا ہوا ہے۔ اس تصویر کو ملائیشیا سے تعلق رکھنے والے ایک صارف نے اسٹوری ٹیمپلیٹ کے طور پر پوسٹ کیا تھا جس کے بعد سے وہ وائرل ہوگئی۔
آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کی مدد سے تیار کردہ تصویر میں خیموں پر مشتمل ایک کیمپ کو دکھایا گیا ہے جس کے درمیان میں آل آئیز آن رفح لکھا ہوا ہے۔
اس پوسٹ کو 28 مئی کو پوسٹ کیا گیا تھا جس کے بعد سے اسے انسٹا گرام کے ساڑھے 3 کروڑ سے زائد صارفین شیئر کر چکے ہیں۔
بالی وڈ اور ہالی وڈ اسٹارز سمیت متعدد معروف شخصیات کی جانب سے اسے انسٹا گرام پر رفح کی صورتحال کی سنگینی واضح کرنے کے لیے شیئر کیا گیا۔
ملائیشین صارف کی جانب سے اس تصویر کو پوسٹ کرنے کا مقصد رفح کی صورتحال پر دنیا کی توجہ مرکوز کرانا ہے، جہاں اسرائیلی بربریت میں اضافہ ہو رہا ہے۔
اسے ملائیشین صارف کی جانب سے 27 مئی کو رفح کے ایک پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی حملے کے بعد شیئر کیا گیا تھا۔
اس پوسٹ کا مقصد نہ صرف غزہ کی صورتحال پر دنیا کی توجہ مرکوز کرنا ہے بلکہ اس سے فلسطینی مقصد کے لیے سپورٹ کو بھی ظاہر کرنا ہے۔
جتنے زیادہ افراد اس تصویر کو شیئر کریں گے، اتنی زیادہ آنکھیں رفح کی صورتحال دیکھ کر اندازہ لگا سکیں گی کہ رفح کی صورتحال کیا
ہے۔